Wednesday, March 11, 2020

اسلام آباد: پاکستانی فضائیہ کا ایف 16 تباہ، پائلٹ ہلاک

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستانی فضائیہ کا ایک ایف 16 طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے اور اس حادثے میں طیارے کے پائلٹ ہلاک ہو گئے ہیں۔
یہ حادثہ بدھ کی صبح شکر پڑیاں کے مقام پر پیش آیا جہاں یومِ پاکستان کی سالانہ پریڈ کی تیاریاں جاری تھیں۔
پاکستان ایئر فورس کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا ایف 16 طیارہ بھی 23 مارچ کی پریڈ کی ریہرسل کا حصہ تھا اور اس حادثے میں ونگ کمانڈر نعمان اکرم ہلاک ہوئے ہیں۔
106ویں جی ڈی پائلٹ کورس سے پاس آؤٹ ہونے والے ونگ کمانڈر نعمان اکرم کا تعلق سرگودھا میں تعینات نائن سکوارڈن سے تھا۔
فضائیہ کے ترجمان کے مطابق اس حادثے کی تحقیقات کے لیے ایک انکوئری بورڈ تشکیل دینے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق دھماکے کے بعد جائے حادثہ سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے جبکہ واقعے کے فوراً بعد فوج کے جوانوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور وہاں تک عام آدمی کی رسائی بند کر دی گئی۔
پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے مطابق فوجی حکام کی جانب سے انھیں کہا گیا کہ اگر ان کی ضرورت پڑی تو انھیں مطلع کر دیا جائے گا۔

حادثے کی ویڈیوز

سوشل میڈیا پر حادثے کی جو ویڈیوز شیئر کی جا رہی ہیں۔
ان ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ کرتب دکھاتے ہوئے پہلے ایک دم فضا میں بلند ہوتا ہے اور پھر نیچے آتے ہوئے زمین کے انتہائی قریب آ کر درختوں کے جھنڈ میں غائب ہو جاتا ہے۔
اس کے بعد اس مقام سے آگ کے شعلے اور دھوئیں کے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔

No comments:

Post a Comment