Tuesday, March 17, 2020

کورونا وائرس آپ کے جسم کے ساتھ کرتا کیا ہے؟

کورونا وائرس گذشتہ برس دسمبر میں سامنے آیا لیکن اب کوویڈ-19 عالمی وبا کی شکل اختیار کر گیا ہے۔

اس بیماری میں مبتلا ہونے والے زیادہ تر افراد میں اس بیماری کا اتنا اثر نہیں ہوتا اور وہ صحت یاب بھی ہو رہے ہیں، تاہم کچھ افراد اس کی وجہ سے ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔ تو سوال یہ ہے کہ یہ وائرس جسم پر کیسے اثر انداز ہوتا ہے، اس کے نتیجے میں کچھ افراد ہلاک کیوں ہو رہے ہیں اور اس بیماری کا علاج کیسے کیا جاتا ہے؟
اس دورانیے میں وائرس اپنی جگہ پکڑ رہا ہوتا ہے۔ وائرسز عام طور پر آپ کے جسم کے خلیوں کے اندر تک رسائی حاصل کر کے ان کا کنٹرول سنبھال لیتے ہیں۔

کورونا وائرس جسے سارس-کووی-2 کہا جا رہا ہے آپ کے جسم پر اس وقت حملہ آور ہوتا ہے جب آپ سانس کے ذریعے اسے اندر لے جاتے ہیں (جب کوئی قریب کھانسے) یا آپ کسی ایسی چیز کو چھونے کے بعد اپنے چہرے کو چھو لیں جس پر وائرس موجود ہو۔

سب سے پہلے یہ وائرس ان خلیوں کو متاثر کرتا ہے جو آپ کے گلے، سانس کی نالی اور پھیپھڑوں میں ہوتے ہیں اور انھیں 'کورونا وائرس کی فیکٹریوں' میں تبدیل کر دیتا ہے جو مزید ایسے مزید وائرس پیدا کرتی ہیں جن سے مزید خلیے متاثر ہوتے ہیں۔

ابتدائی مرحلے میں آپ بیمار نہیں ہوں گے اور اکثر افراد میں اس بیماری کی علامات بھی ظاہر نہیں ہوں گی۔

نگہداشت کے دورانیے میں انفیکشن ہونے اور اس کی علامات ظاہر ہونے کا دورانیہ مختلف ہوتا ہے لیکن یہ اوسطاً پانچ دن بتایا جاتا ہے۔

ہلکی پھلکی بیماری
زیادہ تر افراد کے بیماری کے دوران ایک جیسے تاثرات ہوتے ہیں۔ کوویڈ-19 دس میں سے آٹھ افراد کے لیے ایک معمولی انفیکشن ثابت ہوتا ہے اور اس کی بنیادی علامات میں بخار اور کھانسی شامل ہیں۔

جسم میں درد، گلے میں خراش اور سر درد بھی اس کی علامات میں سے ہیں لیکن ان علامات کا ظاہر ہونا ضروری نہیں ہے۔

بخار اور طبیعت میں گرانی جسم میں انفیکشن کے خلاف قوت مدافعت کے رد عمل کی وجہ سے ہوتی ہے۔ یہ وائرس کو ایک مشکلات پیدا کرنے والے حملہ آور کے طور پر شناخت کرتا ہے اور پورے جسم میں سائٹوکنز نامی کیمیائی مادہ خارج کرکے سنگل بھیجتا ہے کہ کچھ گڑ بڑ ہو رہی ہے۔

اس کی وجہ سے جسم میں مدافعتی نظام حرکت میں آجاتا ہے لیکن اس کی وجہ سے جسماںی درد، تکلیف اور بخار کی کیفیات بھی پیدا ہوتی ہیں۔

کورونا وائرس میں ابتدائی طور پر خشک کھانسی ہوتی ہے (بلغم نہیں آتا) اور یہ شاید خلیوں میں وآئرس کی وجہ سے متاثر ہونے کی وجہ سے پیدا ہونے والی پیچینی کی وجہ سے ہوتی ہے۔

کچھ لوگوں کو آخر کار بلغم جیسا گاڑھا مواد آنے لگتا ہے جس میں وائرس کی وجہ سے مرنے ہونے والے خلیے بھی شامل ہوتے ہیں۔

ان علامتوں کو آرام، بہت زیادہ مقدار میں پانی اور مشروب کے ساتھ پیراسیٹامول لے کر دور کیا جا سکتا ہے۔ آپ کو اس کے لیے ہسپتال یا ڈاکٹر کی ضرورت نہیں ہے۔

یہ مرحلہ ایک ہفتے تک جاری رہتا ہے بیشتر لوگ اسی مرحلے پر صحت یاب ہو گئے کیونکہ ان کے مدافعتی نظام نے وائرس سے مقابلہ کیا۔

تاہم کچھ لوگوں میں کووڈ-19 کی نسبتاً سنگیں حالت پیدا ہوئی۔

ہم اب تک اس مرحلے کے بارے میں اتنا ہی جان پائے ہیں تاہم زمینی مشاہدوں سے پتا چلا ہے کہ اس بیماری میں سردی لگ جانے جیسی علامات بھی پائی گئی ہیں جن میں ناک کا بہنا شامل ہیں۔

یہ انفیکشن پھیپھڑوں کو متاثر کرتا ہے
شدید بیماری
اگر یہ بیماری بڑھتی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ مدافعتی نظام وائرس کے تیئں ضرورت سے زیادہ رد عمل دکھا رہا ہے۔

جسم میں بھیجے جانے والے کیمیائی سگنل جلن کا باعث بنتے ہیں۔ تاہم اسے بہت نزاکت سے متوازن کیا جانا چاہیے۔ بہت زیادہ انفلیشین سے پورے جسم میں نقصانات ہوتے ہیں۔

کنگز کالج لندن کے ڈاکٹر نتھالی میکڈرموٹ کا کہنا ہے کہ ’یہ وائرس مدافعتی نظام میں عدم توازن پیدا کرتا ہے اس کی وجہ سے بہت زیادہ سوزش ہوتی ہے اور یہ کس طرح کا ہے ابھی ہم یہ جان نہیں پائے۔‘

پھیپھڑوں کی انفلیمیشن کو نمونیہ کہتے ہیں۔ اگر منہ کے راستے اندر جانا ممکن ہوتا تو آپ ہوا کی نالی سے ہو کر چھوٹی چھوٹی ٹیوبز سے گزر کر چھوٹی چھوٹی ہوا کی تھیلیوں میں جا پہنچتے۔

یہ وہ جگہ ہے جہاں آکسیجن خون میں شامل شامل ہوتی ہے اور کاربن ڈائی آکسائیڈ باہر نکلتی ہے لیکن نمونیہ کی حالت میں انہی چھوٹی چھوٹی تھیلیوں میں پانی بھر جاتا ہے اور سانس اکھڑنے لگتا ہے اور سانس لینے میں دشواری ہونے لگتی ہے۔

کچھ لوگوں کو سانس لینے کے لیے وینٹیلیٹر کا سہارا لینا پڑتا ہے۔

چین سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق 14 فیصد لوگ اس مرحلے تک متاثر ہوئے۔

تشویش ناک بیماری
ایک اندازے کے مطابق اس بیماری میں مبتلا افراد میں سے صرف چھ فیصد کی حالت تشویش ناک حد تک پہنچی۔

اس وقت جسم نے کام کرنا چھوڑ دیا اور موت کے امکانات پیدا ہو گئے۔

مسئلہ یہ ہے کہ اس وقت مدافعتی نظام بے قابو ہو کر گھومنے لگتا ہے اور پورے جسم کو نقاصان پہنچاتا چلا جاتا ہے۔

اس کی وجہ سے جسم سیپٹیک شاک میں چلا جاتا ہے اور فشار خون خطرناک حد تک کم ہو جاتا ہے اور اعضا کام کرنا بند کر دیتے ہیں یا مکمل طور پر ناکارہ ہو جاتے ہیں۔

پھیپھڑوں میں انفلیمینش کے سبب سانس کی شدید تکلیف پیدا ہوتی ہے اور جسم میں ضرورت کے مطابق آکسیجن نہیں پہنچ پاتی۔ اس کی وجہ سے گردوں کی صفائی کا عمل رک جاتا ہے اور آنتوں کی تہیں خراب ہو جاتی ہیں۔

ڈاکٹر بھرت پنکھانیا کا کہنا ہے کہ ’اس وائرس سے اس قدر انفلیمیشن ہوتی ہے کہ لوگ دم توڑ دیتے ہیں اور کئی اعضا کام کرنا بند کر دیتے ہیں۔‘

اگر مدافعتی نظام اس وائرس پر قابو پانے میں ناکام ہوتا ہے تو یہ جسم کے ہر کونے میں چلا جاتا ہے جس سے مزید نقصان ہوتا ہے۔

اس مرحلے تک آتے آتے علاج بہت ہی سخت ہو سکتا ہے جس میں ای سی ایم او یعنی ایکسٹرا کورپوریئل ممبرین آکسیجینیشن شامل ہے۔

یہ ایک مصنوعی پھیپھڑا ہوتا ہے جو موٹی موٹی ٹیوبز کے ذریعے خون جسم سے نکالتا ہے ان میں آکسیجن بھرتا اور واپس جسم میں ڈالتا ہے۔

لیکن آخر کار نقصان ہلاکت تک جا پہنچتا ہے اور اعضا جسم کو زندہ رکھنے میں ناکام ہو جاتے ہیں۔

ابتدائی اموات

ڈاکٹرز نے بتایا کہ ان کی بہترین کوششوں کے باجود کیسے کچھ مریض ہلاک ہوگئے۔

چین کے شہر ووہان کے ہسپتال میں جو پہلے دو مریض ہلاک ہوئے وہ پہلے صحت مند تھے، اگرچہ وہ طویل عرصے سے تمباکو نوشی کرتے تھے۔ اسی وجہ سے ان کے پھیپھڑے کمزور تھے۔

پہلے 61 سالہ ایک آدمی کو ہسپتال لانے تک شدید نمونیہ ہوگیا۔ انھیں سانس لینے میں شدید تکلیف تھی اور وینٹیلیٹر پر ڈالنے کے باوجود ان کے پھیپھڑے ناکارہ ہو گئے اور دل نے کام کرنا بند کر دیا۔ وہ 11 دن بعد مر گئے۔

دوسرے مریض 69 برس کے تھے انھیں بھی سانس کی تکلیف ہوئی۔ انھیں بھی مشینوں کی مدد سے زندہ رکھنے کی کوشش کی گئی لیکن یہ ناکافی ثابت ہوا۔ وہ شدید نمونیا اور سیپٹیک شاک کی وجہ سے اس وقت ہلاک ہوگئے جب ان کا بلڈ پریشر گر گیا۔

Monday, March 16, 2020

وائرس: بچوں کو کورونا وائرس کے متعلق بتانا ہے، ڈرانا نہیں


کورونا وائرس یا کووڈ 19 کی عالمی تباہی کی لپٹ میں ہر کوئی ہے۔ جن لوگوں کو یہ نہیں لگی وہ اس کے خوف میں رہ رہے ہیں اور یہ خوف بالکل حقیقی ہے جس سے کوئی فرار نہیں۔ یہ وبا دنیا کے مختلف ممالک میں تیزی سے ایک انسان سے دوسرے انسان تک پھیل رہی ہے اور چین سے لے کر امریکہ تک متاثرہ افراد کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

ماہرین کہتے ہیں کہ فی الوقت اسے روکنے کا اگر کوئی طریقہ ہے تو وہ ہے خود کو روکنا، مطلب اپنے روز مرہ کی عادات میں تبدیلی لانا۔ اس میں ہاتھ دھونے سے لے کر ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے لے کر ان جگہوں پر اکٹھا ہونا شامل ہے جہاں مجمع زیادہ ہے۔ جتنا کم گھر سے نکلیں اتنا ہی بہتر ہے۔ بس یہ سمجھ لیں کہ کم ملنے سے محبت کم نہیں ہو رہی بلکہ اپنا اور دوسرے کا بھلا ہو رہا ہے۔

پر یہاں سب سے بڑا مسئلہ والدین، خصوصی طور پر کام کرنے والے والدین کا ہے کہ وہ کس طرح بچوں کو سمجھائیں کہ یہ وائرس کیا ہے، کتنا خطرناک ہے اور اس سے کیسے بچنا چاہیئے۔ بچے بچے ہوتے ہیں، چیزیں اپنی طرح سے سمجھتے ہیں اور ہر کوئی ایک دوسرے سے مختلف ہوتا ہے۔ تو پھر ہم بچوں کو کیسے بتائیں؟

بچوں کے ساتھ کورونا وائرس کے متعلق گفتگو کرنے سے اجتناب نہ کریں
زیادہ تر بچوں نے اس وائرس کے متعلق پہلے ہی سنا ہو گا یا انھوں نے لوگوں کو ماسک پہنے چلتے پھرتے دیکھا ہو گا۔ سو والدین کو کوئی ضرورت نہیں کہ وہ اس پر بات کرنے سے ہچکچائیں۔ ماہرین کہتے ہیں کہ جس طرح والدین بچے کو اس کی صلاحیت کے مطابق کوئی خبر سمجھا سکتے ہیں شاید دوسرے نہیں سمجھا سکتے۔ وہ آپ کی بات سنتا، سمجھتا اور سوال کرتا ہے۔

بچوں کو یہ بتانا ضروری ہے کہ یہ عالمی وبا کیوں ہے
بچوں سے پوچھیں کہ وہ اس وائرس کے متعلق کیا جانتے ہیں
اپنے بچوں کو کہیں کہ اگر وہ اس وائرس کے متعلق آپ سے کچھ جاننا چاہتے ہیں تو وہ ضرور پوچھیں۔ ضروری نہیں کہ بہت زیادہ ڈرانے والی ہی معلومات دی جائیں لیکن پھر بھی سچ بولتے ہوئے انھیں اس کے متعلق بتایا جا سکتا ہے کہ اسے عالمی وبا کیوں کہا گیا ہے اور کیوں یہ اس وقت دوسری بیماریوں سے زیادہ خطرناک ہے۔

یہ بھی ضروری نہیں کہ آپ اپنے بچوں کے سبھی سوالوں کا جواب دے سکیں لیکن آپ کا انھیں سننا اور ان سے اس موضوع پر بات کرنا ضروری ہے۔ جس سوال کا جواب نہ آئے تو انھیں یہ بھی کہا جا سکتا ہے کہ چلو اس کا جواب ڈھونڈتے ہیں۔

مختلف عمروں کے بچوں کو مختلف طریقے کورونا وائرس کے متعلق بتائیں
ہاتھ دھوئیں، ہاتھ دھوئیں اور بس ہاتھ دھوئیں

یونیورسٹی ہسپتال برمنگھم کی کنسلٹنٹ آنکولوگسٹ ڈاکٹر سندس یحیٰ کہتی ہیں کہ بس دھیان یہ رکھیں کہ بات آسان زبان میں ہو۔ 'اس بیماری کو سیدھی اور آسان زبان میں سمجھانا چاہیئے کہ آگہی بھی دی جائے اور خوف بھی پیدا نہ ہو۔'

انھوں نے کہا کہ میں نے آج ہی اپنے آٹھ سالہ بچے سے گفتگو کی جو کہ تقریباً اس طرح تھی۔

’وائرس ایک ایسی چیز ہوتی ہے ایک صحت مند سیل یا خلیے کو اپنے کاپی بنا لیتی ہے تاکہ صحت مند سیل اپنا کام صحیح طریقے سے نہ کر سکے‘
'کووڈ19 ایک نیا بگ یا جراثیم ہے جو لوگوں کو بیمار کر دیتا ہے۔ یہ کورونا وائرسز کے خاندان سے ہے اور ڈاکٹر اور سائنسدان اس کے متعلق زیادہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وائرس ایک ایسی چیز ہوتی ہے جو ایک صحت مند سیل یا خلیے کو اپنے کاپی بنا لیتی ہے تاکہ صحت مند سیل اپنا کام صحیح طریقے سے نہ کر سکے۔

ڈاکٹروں کا خیال ہے کہ زیادہ تر لوگ خصوصاً بچے ٹھیک رہیں گے لیکن شاید کچھ لوگ بیمار ہو جائیں اور آپ سب لوگوں کے صحت مند رہنے میں مدد کر سکتے ہیں۔

یہ ایک شخص سے دوسرے کو کھانسی، چھینک، گندی جگہوں کو چھونے، گندے ہاتھ ملانے اور پھر ان ہاتھوں سے اپنے چہرے، منہ اور ناک کو چھونے سے لگ سکتا ہے۔

جب جراثیم جسم میں مختلف جگہوں سے گزرتا ہے تو لوگوں کو کھانسی ہوتی ہے، ٹھنڈ لگتی ہے، بخار اور سر درد ہوتا ہے اور سینے میں انفیکشن کی وجہ سے سانس پھولتا ہے۔

آپ اس سے سکول، گھر اور کھیل کے دوران محفوظ رہ سکتے ہو اور وہ اس طرح کہ بس ہر ایکٹیویٹی کے پہلے اور بعد زیادہ ہاتھ دھوئیں، خصوصاً کھانا کھانے سے پہلے اور ٹوائلٹ استعمال کرنے کے بعد۔

20 سیکنڈ یا اس سے زیادہ ہاتھ دھوئیں، بلبلے بنانا نہ بھولیں، دو مرتبہ اپنے لیے ہیپی برتھ ڈے گانا گائیں۔ بس اتنی سی بات۔ اور اگر کہیں صابن اور پانی نہ ہو تو ہینڈ جیل یا سینیٹائیزر استعمال کریں۔

اگر آپ کو لگے کہ ناک بہہ رہا ہے، کھانسی یا چھینک آ رہی ہے تو ٹشو پکڑیں اس سے صاف کریں اور بن میں پھینک دیں تاکہ جراثیم مر جائیں۔ پھر ہاتھ دھوئیں تاکہ یہ جراثیم کسی دوسرے کو نہ لگ جائیں۔

کھانسی یا چھینک آئے اور کہیں ٹشو نہ ملے تو کہنی کو ٹیڑھا کر کے اس کے درمیان میں چھینکیں یا کھانسیں۔

بس ہاتھ دھوئیں، ہاتھ دھوئیں اور ہاتھ دھوئیں تاکہ آپ اور دوسرے محفوظ رہیں۔'

کس عمر کے بچے کو کیا اور کیسے بتانا ہے
اگر بچہ 15 سال کا ہے تو وہ اس وائرس کو اور طریقے سے سمجھے گا بہ نسبت پانچ سال کے بچے کے۔ آپ ایک 15 سالہ بچے سے اس وبا سے بچاؤ، اس کی علامات اور اس کے دنیا کو لاحق خطرات کے متعلق بات کر سکتے ہیں۔ لیکن پانچ سالہ بچے کا ذہن اتنا پختہ نہیں ہوتا۔ اس کو اس وائرس کے متعلق معلومات دنیا تو بہت ضروری ہے لیکن اس کی زبان میں ہی۔ مقصد انھیں یہ بتانا ہے کہ اس وبا کی وجہ سے ہمیں زندگی کے کچھ طریقے بدلنے پڑیں گے اور وہ اس کے لیے تیار رہیں۔


بچوں کی حوصلہ افزائی کریں کہ وہ بار بار ہاتھ دھوئیں
کیسے ان سوالوں کا جواب دیں؟
کیا میں بیمار ہو جاؤں گا؟ کیا سکول بند ہو جائے گا؟ کیا ہم سب مر جائیں گے؟ ہم کیا کریں؟

ماہرین کے مطابق سب سوالوں کے جواب دینا ضروری ہے تاکہ بچے کا ننھا ذہن مزید نہ الجھے، لیکن اس کو ڈرائے بغیر۔ آپ کہہ سکتے ہیں کہ بیٹا جب سکول سے آؤ تو دادا دادی کے کمرے میں ان سے سیدھے گلے ملنے نہ جاؤ، یہ ان کے لیے بہتر ہے۔ بچہ آپ سے وجہ پوچھے گا تو اسے وجہ بتائیں۔

آپ نے اسے دانت صاف کرنے یا ہاتھ دھونے کا تو بچپن سے ہی سکھایا ہو گا۔ لیکن متعدد بار ایک خاص وقت تک ہاتھ صاف کرنے کے لیے کوئی نیا طریقہ اپنانے کی ضرورت ہے۔ بچے سے کہا جا سکتا ہے کہ وہ آپ کے ساتھ مل کر باتھ روم میں ہاتھ دھوتے ہوئے اپنی پسندیدہ نرسری راہیم سنائے اور 'دیکھتے ہیں کہ ہاتھ دھوتے ہوئے کس کو پوری نظم یاد رہتی ہے۔' اس طرح آپ ہنستے ہنستے ہاتھ دھو لیں گے۔ مقصد صرف بیس سیکنڈ تک ہاتھ دھونا ہے اور بچہ آپ سے مقابلے میں یہی کام کر لے تو کیسا ہے۔

Sunday, March 15, 2020

Coronavirus: کورونا وائرس اور نزلہ زکام میں فرق کیا ہے اور کیسے پتا چلے گا کہ یہ بیماری کورونا ہے یا عام فلُو

آج کل فلُو یا نزلے زکام کا موسم ہے، جسے دیکھیں چھینکیں مارتا یا ناک صاف کرتا دکھائی دیتا ہے۔ جسے زکام ہوتا ہے وہ خود ہی کہہ دیتا ہے کہ مجھ سے دور رہیں کہیں آپ کو بھی جراثیم نہ لگ جائیں۔

یا پھر آپ خود ہی اس متاثرہ شخص کے پاس جانے سے پرہیز کرتے ہیں۔ یہ کوئی نئی بات نہیں ہے، ایسا ہر سال ہوتا ہے، تاہم اس مرتبہ ایک بات نئی ضرور ہے۔

آپ لندن میں ٹرین میں بیٹھیں ہیں اور ایک دم کسی کو چھینک یا چھینکیں آنے لگتی ہیں تو پہلے تو لوگ آپ کو غور سے دیکھنے لگتے ہیں اور اس کے بعد آہستہ آہستہ 
سرکتے ہوئے دور جانے لگتے ہیں۔
یہی حال دوسرے ممالک میں بھی ہے۔ کہیں تو لوگ ایک دوسرے سے ملتے وقت صرف اشاروں کی زبان استعمال کرنے لگے ہیں۔ لطیفے بن رہے ہیں، ویڈیوز اور میمز بن رہی ہیں۔

انٹرنیٹ پر وائرل ایک ویڈیو میں ایران میں دوستوں کو ایک دوسرے سے ہاتھ کے بجائے پیر اور ٹانگیں ملاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ایسا ہی تنزانیہ کے صدر نے بھی کیا۔

یہ ڈر ہے اس نئے وائرس کا جسے نویل کورونا وائرس یا کووڈ ۔ 19 کہتے ہیں اور یہ ڈر آہستہ آہستہ ہمارے دماغوں اور سوچوں میں سرایت کرتا جا رہا ہے، جو کبھی لطیفے کی شکل میں نکلتا ہے تو کبھی فکر کے اظہار کی شکل میں۔

میرا بیٹا جس نے کبھی سردی کی بھی پرواہ نہیں کی آج کل جیب میں سینیٹائیزر لیے گھومتا ہے۔

آخر یہ ڈر کیا ہے؟
اگرچہ یہ موسم فلو کا ہے اور امریکہ سے لے کر پاکستان تک لوگ اس کا شکار ہیں تو پھر بھی لوگ فلو کے متعلق نہیں بلکہ کورونا وائرس کے متعلق ہی بات کر رہے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق انفلوینزا یا فلو کی وجہ سے ہر سال تقریباً 30 سے 50 لاکھ کے قریب انسان شدید بیمار ہوتے ہیں، جن میں سے دو لاکھ 90 ہزار سے لے کر چھ لاکھ 50 ہزار تک متعدد سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہو کر ہلاک ہو جاتے ہیں۔

امریکہ کے سینٹر فار ڈزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن سینٹر (سی ڈی سی) کے مطابق 2019 سے لے کر 2020 کے فلو کے سیزن میں اب تک 18 ہزار سے 46 ہزار کے درمیان فلو سے جڑی اموات ہوئی ہیں۔

مطلب یہ کہ فلو ایک انتہائی جان لیوا بیماری ہے لیکن ہم ہمیشہ اس کے متعلق یہ کہتے ہیں کہ آرام کریں یہ خود ہی ایک یا دو ہفتے میں ٹھیک ہو جائے گا۔ فلو اپنا ٹائم لیتا ہے۔ لیکن کورونا؟ یہاں بات ذرا مختلف ہے۔
کورونا کا خطرہ
عالمی ادارہ صحت کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر دنیا کو ایک ’نامعلوم خطرے‘ کا سامنا ہے۔

عالمی سطح پر اس وائرس سے اموات کی تعداد 3000 سے تجاوز کر گئی ہے، جن میں زیادہ تر چینی باشندے شامل ہیں۔ تاہم نئے اعداد و شمار کے مطابق چین کی نسبت دیگر ممالک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد میں نو گنا اضافہ ہوا ہے۔

چین کے بعد اس وائرس کے سب سے زیادہ مریض جنوبی کوریا میں ہیں جہاں تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 5000 سے تجاوز کر گئی ہیں لیکن وہاں ابھی تک اس وائرس سے صرف 22 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔

اس کے برعکس پاکستان کے ہمسایہ ملک ایران میں متاثرہ افراد کی تعداد 2500 کے لگ بھگ ہے اور وہاں اموات کی تعداد 77 بتائی جا رہی ہے۔

ایران کے بعد کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض اٹلی میں ہیں جن کی تعداد دو ہزار سے کچھ زیادہ ہے اور اب تک اس وائرس سے وہاں 52 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

برطانیہ میں کورونا وائرس کے ابھی تک 40 تصدیق شدہ مریض ہیں لیکن حکومت کی ایک تازہ ترین رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں کورونا وائرس کے عروج پر اس کی 20 فیصد تک آبادی کام سے چھٹی لے سکتی ہے اور اگر وائرس پھیلا تو فوج کو بھی مدد کے لیے بلایا جا سکتا ہے۔
پاکستان میں ابھی تک پانچ تصدیق شدہ کیسز ہیں اور حکومت کہہ رہی ہے کہ معاملات ابھی اس کے کنٹرول میں ہیں۔ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے پانچ افراد میں سے تین کا تعلق گلگت بلتستان سے ہے جبکہ دو کا تعلق کراچی سے بتایا جا رہا ہے۔

نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کے حکام کے مطابق گلگت بلتستان سے مزید 12 مشتبہ افراد کے خون کے نمونے بھی ٹیسٹ کے لیے حاصل کیے گئے ہیں۔ پیر کو گلگت بلتستان حکومت نے تمام نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کو وائرس سے بچاؤ اور حفاظتی اقدامات کے پیش نظر سات مارچ تک بند کر دیا تھا۔

پاکستان نے صوبہ بلوچستان کے سرحدی علاقے چمن سے ملحقہ افغانستان کی سرحد کو بھی بند کر دیا ہے۔

28 فروری کو کووِڈ-19 یا کورونا پر امریکی جریدے جاما میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق اس میں مبتلا 83 سے لے کر 98 فیصد افراد کو بخار چڑھتا ہے، 76 سے 82 فیصد کو خشک کھانسی آتی ہے اور 11 سے 44 فیصد کو تھکن اور پٹھوں میں درد کی شکایت رہتی ہے۔
فلُو بمقابلہ کورونا وائرس
برطانیہ میں پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی تنظیم ایسوسی ایشن آف پاکستانی فیزیشنز اینڈ سرجنز آف دی یونائیٹڈ کنگڈم (اے پی پی ایسی یو کے) کے بانی رکن اور سی ای او ڈاکٹر عبدالحفیظ کہتے ہیں کہ ہم فلو اور کورونا کا موازنہ ابھی نہیں کر سکتے کیونکہ ہمیں فلو کے متعلق تو پتا ہے جبکہ کورونا کے متعلق کچھ نہیں پتا۔ ’ابھی تحقیق ہو رہی ہے لیکن وہ ابتدائی مراحل میں ہے۔ اور جب وہ ایمرجنسی میں ٹیسٹ کی جائے گی تو بھی وہ ان تجرباتی مراحل سے گزر کر نہیں آئے گی جن سے دوائیاں گزر کر آتی ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ وائرس جتنی تیزی سے پھیل رہا ہے اتنی تیزی سے اس پر تحقیق نہیں ہو رہی ہے۔

کیسے پتا چلے گا کہ کسی شخص کو عام فلو ہے یا کورونا وائرس؟
ڈاکٹر حفیظ کا کہنا ہے کہ کسی کی چھینک یا نزلے زکام کو بظاہر دیکھ کر یہ پتا لگانا ابھی ناممکن ہے کہ اسے عام فلو ہے یا کورونا وائرس۔

ان کا کہنا ہے کہ ’ہم یونیورسل پریکاشن (عالمی احتیاط) کے اصول کے مطابق جب مریضوں کے خون کا نمونہ لیتے ہیں تو ہم یہ مان کر چلتے ہیں کہ سب کو ہی کورونا ہے اور اسی طرح کی احتیاط کرتے ہیں جیسی بتائی گئی ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ ٹیسٹ کے بعد نتیجہ منفی نکلے۔‘
یہ بڑھ رہا ہے، اس کے متعلق زیادہ پتا نہیں لیکن پھر بھی ہمیں چاہیے کہ خوف میں مبتلا نہ ہوں۔ اگرچہ ابھی اس کی کوئی ویکسین نہیں آئی لیکن اعداد و شمار یہ بھی بتاتے ہیں کہ اس سے ہلاک ہونے والے اکیس اعشاریہ نو فیصد افراد کی عمر اسی سال سے زیادہ ہے جبکہ نو سال سے کم عمر ایک بچے کی بھی موت کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

’سو اس سے زیادہ خطرہ ان کو ہے جو پہلے سے کسی بیماری میں مبتلا ہیں یا ان کی عمر زیادہ ہے۔‘

کورونا اور فلو میں مماثلت
فلو اور کورونا سے ہونے والی بیماریاں دونوں ہی سانس کی بیماریاں ہیں۔ اگرچہ یہ دونوں بظاہر ایک ہی طرح کی دکھائی دیتی ہیں لیکن دونوں بیماریاں مختلف قسم کے وائرس سے لگتی ہیں۔

دونوں ہی میں بخار چڑھتا ہے، کھانسی آتی ہے، جسم درد کرتا ہے، تھکاوٹ کا احساس رہتا ہے اور کبھی کبھار متلی یا اسہال (دست) ہوتا ہے۔

یہ دونوں کچھ عرصے کے لیے بھی ہو سکتی ہیں اور ایک لمبے عرصے کے لیے بھی۔ کئی کیسز میں بیمار افراد کی موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔
 دونوں بیماریوں سے نمونیہ بھی ہو سکتا ہے جو کہ کئی کیسز میں خطرناک ہو سکتا ہے۔

دونوں ہی ایک شخص سے دوسرے شخص کو ہوا میں قطروں کے ذریعے لگتے ہیں یعنی ایک متاثرہ شخص سے یہ دوسرے شخص کو اس کی کھانسی، چھینک یا بہت قریب سے باتیں کرتے ہوئے بھی لگ سکتے ہیں۔
ڈاکٹر حفیظ کہتے ہیں کہ یہ مماثلت سب سے زیادہ ذہن میں رکھنے والی ہے اور اس سے زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔

'کورونا کے مریض سے سب سے زیادہ خطرہ اس کے گھر والوں کو ہوتا ہے۔ کیونکہ یہ وائرس آنکھ، ناک اور منہ سے جسم میں داخل ہو جاتا ہے اس لیے سب سے زیادہ احتیاط مریض کے قریب رہنے والوں کو کرنی چاہیے۔

'یہ کمرے کے دروازے کے ہینڈل سے بھی لگ سکتا ہے اور وہی برتن استعمال کرنے یا پکڑنے سے بھی جو مریض استعمال کر رہا ہے۔ اس سے احتیاط کی کنجی صرف یہ ہے کہ مریض کے بہت قریب نہ جائیں لیکن ایسا نہیں کہ اسے بالکل چھوڑ ہی دیں۔ بس احتیاط کریں۔'

کورونا اور فلو میں فرق
ابھی تک سامنے آنے والی تحقیق کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ صرف ایک ہی وائرس ہے جبکہ فلو کی مختلف قسمیں اور وائرس ہیں۔
اگرچہ یہ دونوں وائرس ہوا میں قطروں اور چھونے سے لگتے ہیں لیکن ابھی تک سامنے آنے والی تحقیق سے یہ بھی پتا چلا ہے کہ کورونا وائرس ایک شخص سے دوسرے کو اس وقت بھی لگ سکتا ہے جبکہ وہ وہاں موجود نہ ہو۔

یعنی کہ متاثرہ شخص کے جراثیم ہوا میں موجود قطروں میں زندہ رہتے ہیں اور جب وہ وہاں سے چلا بھی جاتا ہے تو وہ وہاں موجود یا آنے والے کسی دوسرے شخص کو لگ سکتے ہیں۔

فلو میں اکثر گلے میں درد بھی ہوتا ہے جبکہ کورونا وائرس کے مریض کو زیادہ سانس چڑھتا ہے۔

اس بات کو بھی مدِ نظر رکھنا چاہیے کہ فلو کے متعلق سائنسدان کئی دہائیوں سے تحقیق کر رہے ہیں۔ اگرچہ اس سے اب بھی دنیا بھر میں بہت سی اموات ہوتی ہیں پر ہم اس کے متعلق بہت کچھ جانتے ہیں لیکن کورونا وائرس کے متعلق ایسا نہیں ہے۔

یہ نیا ہے، ہم اس کے متعلق زیادہ نہیں جانتے، اس سے نمٹنے کے لیے ہماری پاس ابھی مناسب ادویات نہیں اور اسی لیے یہ زیادہ خطرناک ہے۔


کورونا وائرس: پاکستان میں کل 30 افراد میں کووڈ 19 کی تشخیص، سب سے زیادہ سندھ متاثر

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے مطابق پاکستان میں 30 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ سندھ میں کووڈ 19 کے سب سے زیادہ 17 کیسز سامنے آئے ہیں۔
سندھ میں 308 افراد کے نمونے اکٹھے کئے گئے جن میں سے 291 کے نتائج منفی آئے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں کورونا وائرس کے دو مریضوں کو آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔
بلوچستان میں چھ جبکہ گلگت بلتستان میں پانچ افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں تاحال کورونا وائرس کے کسی مریض کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
جن افراد کے نتائج مثبت آئے ہیں انھیں آئسو لیشن وارڈز میں رکھا گیا ہے تاکہ اس بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔
کورونا وائرس: پاکستان نے کیا اقدامات کیے ہیں؟
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی غرض سے ملک بھر میں تمام تعلیمی اداروں کو بند، فوجی پریڈ کو منسوخ، پاکستان کی سرحدوں کو پندرہ روز تک مکمل بند اور بین الاقوامی پروازوں کو محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

قومی سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ پاکستان میں لوگوں کی صحت وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے۔

انھوں نے بتایا تھا کہ تفتان میں ایران سے آئے کچھ افراد کے کیسز بھی سامنے آئے تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے بعد اب تک ملک کے مختلف علاقوں میں 672 سے زیادہ افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پیغام میں عوام کو بتایا: ’ ہم خطرات سے پوری طرح آگاہ اور چوکنے ہیں اور اپنے لوگوں کی صحت و سلامتی کیلئے مناسب انتظامات کر چکے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت (WHO) نے اس حوالے سے ہماری کاوشوں کو سراہا ہے اور انھیں دنیا میں بہترین قرار دیا ہے۔
پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے بھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عوام کے لیے ہدایات پر مشتمل خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ نماز جمعہ کے لیے حکومتی احکامات پر عمل کریں اور ان باتوں کا خیال رکھیں کہ اگر آپ کو کھانسی، بخار یا زکام ہے یا آپ بزرگ، کم عمر یا دمے کے مریض ہیں تو گھر پر نماز پڑھیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر آپ مسجد جا رہے ہیں تو وضو گھر پر کریں اور 20 سیکنڈ تک صابن سے ہاتھ دھوئیں، جائے نماز یا کوئی کپڑا ساتھ لے کر جائیں اور سجدے کے دوران سانس روک لیں۔ اس کے علاوہ مصافحہ کرنے، بغل گیر ہونے اور قریبی میل جول سے بھی گریز کریں۔

سندھ سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ
پاکستان میں اس وقت صوبہ سندھ اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ ہے جہاں اب تک 17 افراد میں کووڈ-19 وائرس کی تصدیق کی جا چکی ہے۔

ان میں سے زیادہ مریض کراچی جبکہ ایک حیدر آباد میں سامنے آیا تھا۔

کراچی میں بی بی سی کے نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق 17 میں سے دو کیسز سنیچر کو سامنے آئے تھے۔
سندھ سیکریٹری صحت زاہد عباسی کے مطابق ایک مریض سعودی عرب سے کراچی آئے تھے جبکہ دوسرے مریض کے والد حال ہی میں برطانیہ سے آئے تھے یہی وجہ ہے کہ وزیراعلیٰ نے والد کا بھی سیمپل لینے کی ہدایت کی ہے۔

اس سے قبل، وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ وہ کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے مستقل طور پر کوشش کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اسی وجہ سے میں پورے سندھ میں ’ہر طرح کے سماجی، سیاسی اور مذہبی اجتماعات پر پابندی عائد کر رہا ہوں۔‘

حکومت سندھ کے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے صوبائی کابینہ کے فیصلوں کا نوٹیفیکشن جاری کردیا ہے، جس کے تحت صوبے کے تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے 31 مئی تک بند رہیں گے جبکہ امتحانات کو دوبارہ شیڈول کیا جائے گا۔

حکم نامے کے مطابق صوبے کے تمام ہی اقسام کے شادی ہال، سینما گھر تین ہفتوں کے لیے بند کر دیے گئے ہیں جبکہ تمام سماجی، مذہبی، اجتماعات پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

اسی طرح مزارات بھی آئندہ تین ہفتوں کے لیے زائرین کے لیے بند ہوں گے جبکہ رسموں کی ادائیگی، دھمال اور شاہ لطیف کے مزار پر گائیکی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
تمام ہسپتالوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ تیمارداروں کی حوصلہ شکنی کی جائے اور ملاقات کا وقت کم سے کم کیا جائے۔

وزیر اعلیٰ نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ سطح پر خاندانوں کا ڈیٹا لینا شروع کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں لوگوں کو ان کی خوراک، ادویات اور دیگر متعلقہ سامان اور مدد مہیا کی جا سکے۔

ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ سینما گھروں، شادی ہالوں، لانز، مزاروں اور عرس پروگرام کو بند کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ 'ہم کلبوں میں شادی کے پروگرام کی اجازت نہیں دے سکتے مگرلوگ شادی کی تقریبات کو اپنے گھروں تک محدود رکھ سکتے ہیں۔'

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ ورلڈ بینک نے اپنے 10 ملین ڈالر کے فنڈ کو سندھ ریزلینس پروجیکٹ کو کورونا وائرس سپورٹ پروگرام میں تبدیل کرنے پر اتفاق کیا ہے جو حکومت سندھ کے ذریعہ شروع کیا جا رہا ہے۔

انھوں نے چیف سکریٹری کو ہدایت کی کہ وہ و ینٹیلیٹر، آکسیجن سلنڈرز، بیڈ اور دیگر آلات کی خریداری کے لیے رقم استعمال کریں۔
زائرین کو سکھر میں روک لیا گیا
کمشنر سکھر نے بتایا ہے کہ ایران سے آنے والے 293 زائرین جو تفتان سے سات بسوں میں سکھر پہنے ان سب کو آئی سولیشن سینٹر لے جایا گیا ہے، جہاں ان کا میڈیکل چیک اپ اور دیگر ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ سکھر میں ٹیسٹنگ کی کوئی سہولت موجود نہیں لہٰذا انھوں نے اپنا ہیلی کاپٹر سکھر روانہ کیا تاکہ تفتان سے آئے ہوئے 293 زائرین کے نمونے ہیلی کاپٹر کے ذریعے لائے جا سکیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر سکھر کو مزید ہدایت کی کہ وہ تمام زائرین کا ڈیٹا تیار کریں تاکہ آئندہ کی حکمت عملی کے لیے ان کے گھر کے پتے کا اندراج ہونا چاہیے۔

'آئیسولیشن مرکز میں زائرین کے کمروں میں ٹی وی سیٹس لگائیں تاکہ وہ تنہائی محسوس نہ کریں اور انھیں ایسا لگے کہ ان کی مناسب دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔

مراد علی شاہ نے کمشنر کو بتایا کہ 648 زائرین کا ایک اور قافلہ تفتان سے سکھر آنے کے لیے تیار ہے، لہٰذا ان کے رہائش کے انتظامات اسی مناسبت سے کیے جائیں۔

سندھ میں پہلا کیس تب سامنے آیا جب صوبائی محکمۂ صحت کے مطابق 52 سالہ شخص کچھ روز قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے سندھ آئے تھے جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ اب ان تمام افراد کی نشاندہی کا سلسلہ جاری ہے جو متاثرہ شخص سے رابطے میں تھے۔
سندھ کی حکومت نے صوبے میں سکولوں اور کالجوں کی تعطیلات کی مدت میں اضافہ کیا ہے اور اب صوبے میں تعلیمی ادارے 30 مئی تک بند رہیں گے اور اس عرصے کو موسمِ گرما کی تعطیلات کے زمرے میں شمار کیا جائے گا۔

کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ کے میچوں میں بھی تماشائیوں کی آمد پر پابندی عائد کی جا چکی ہے جبکہ جمعرات کو بھی میچ سے قبل تماشائیوں کا طبی معائنہ کیا گیا تھا۔

کورونا: خیبر پختونخوا میں اب تک کسی مریض کی تصدیق نہیں
خیبر پختونخوا میں اب تک کورونا وائرس کے کسی کیس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیرِ صحت تیمور جھگڑا نے کہا ہے کہ ابھی تک خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے کسی مریض کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
انھوں نے مردان کے حوالے سے گردش کرتی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مریض میں کووِڈ 19 کی تشخیص ہونے کے بعد حکام کی جانب سے تصدیق کی جائے گی۔

سنیچر کو صوبائی وزیر نے کہا تھا کہ اب تک 27 افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 24 ٹیسٹ نیگیٹو آئے ہیں جبکہ تین کا تجزیہ جاری ہے۔ ان تین افراد میں سے دو کا تعلق پشاور اور ایک ایبٹ آباد سے بتایا گیا ہے۔

انھوں نے لوگوں سے مطالبہ کیا ہے کہ افواہیں پھیلانے سے گریز کریں۔

صوبائی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیشِ نظر 15 روز کے لیے تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جمعے کو صوبائی کابینہ کے اجلاس میں سیاسی اور عوامی اجتماعات پر پابندی لگانے،ہاسٹل بند کرنے اور جیلوں میں قیدیوں سے ملاقاتیں معطل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

پنجاب میں طبی ایمرجنسی نافذ
پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں تاحال کورونا کا کوئی مریض سامنے نہیں آیا ہے تاہم صوبائی حکومت نے جمعرات کو اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے صوبے بھر میں طبی ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کی معلومات کے مطابق پنجاب میں 126 افراد کے نمونے حاصل کیے اور تمام افراد کے نتائج منفی آئے۔
جمعرات کو پنجاب کابینہ کو دی گئی بریفنگ میں حکام نے بتایا کہ اب تک تین ہزار چینی باشندوں جبکہ ایران سے آنے والے چار ہزار زائرین کی سکریننگ کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں ایک قرنطینہ مرکز بھی قائم کیا گیا ہے جہاں آٹھ سو مریضوں کے قیام کی سہولت فراہم کی گئی ہے جبکہ اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں ہائی ڈیپینڈینسی یونٹس اور آئسولیشن وارڈ قائم کر دیے گئے ہیں۔

بلوچستان میں چھ مریض
بلوچستان میں چھ افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص کوئی ہے جبکہ حکام نے 35 افراد کے ٹیسٹ کیے ہیں۔

نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر بلوچستان حکومت نے پانچ محکموں کے سوا باقی تمام سرکاری محکموں کو 22 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

چیف سیکریٹری بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق پانچ محکموں کے سوا سول سیکریٹریٹ کوئٹہ کے تحت آنے والے انتظامی محکمے اور بلوچستان بھر میں تحصیل آفسز اور ریونیو کورٹس 22 مارچ تک بند رہیں گے۔

Saturday, March 14, 2020

کرونا وائرس کی ویکسین تیار کر لی گئی جون تک عوام کے استعمال کے لیے دستیاب ہو گی۔ برطانوی سائنسدان کا دعویٰ

برطانوی سائنسدان نے اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس کی ویکسین ایجاد کر لی گئی ہے جو جون تک دستیاب ہوگی۔تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کے لیے مختلف ممالک میں کام ہو رہا ہے تاہم برطانوی سائنسدانوں کا دعویٰ ہے کہ اب اس مہلک وائرس کی ویکسین تیار کی جا چکی ہے۔ سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ وہ اس ویکسین کا تجربہ چوہوں پر کرچکے ہیں جب کہ انسانوں پر تجربات جاری ہیں۔
برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانوی سائنسدانوں کی ٹیم نے بتایا ہے کہ فرانسیسی سائنسدان بھی کرونا کی ویکسین بنانے میں مصروف ہیں۔جون تک یہ ویکسین عوامی استعمال کے لیے دستیاب ہو گی۔تاہم سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ جب تک ویکسین عوامی استعمال کے لیے دستیاب نہیں ہو جاتی۔
وائرس سے بچنے کے لیے سخت ترین اقدامات کیے جائیں۔ یاد رہے اس سے قبل چین کے سائنسدانوں کی جانب سے رواں ماہ اعلان کیا گیا تھا کہ انہوں نے بھی کرونا وائرس کی ویکسین تیار کر لی ہے جس کا تجربہ انسانوں پر اپریل میں کیا جائے گا۔
دنیا بھر میں کرونا وائرس کا علاج ڈھونڈنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ویکسین تیار کرنے کے حوالے سے امریکی فارما کمپنیوں نے بھی امریکی صدر سے ملاقات میں یہی کہا تھا کہ ان کے لئے ویکسین تیار کرنا ممکن نہیں۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ اگر وہ مسلسل کام بھی شروع کر دیں، پھر بھی انہیں ویکسین تیار کرنے میں18 مہینے کا وقت درکار ہو گا۔ لیکن اب برطانوی سائنسدان نے اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس کی ویکسین ایجاد کر لی گئی ہے جو جون تک دستیاب ہوگی جبکہ دوسری جانب چین حکام کی جانب سے بھی ایک ویکسین تیار کی گئی ہے جسے اگلے ماہ اپریل میں پیش کیا جائے گا اور کسی انسان پر اس کا تجربہ کیا جائے گا۔

کورونا وائرس: کووڈ-19 سے متعلق چند بنیادی سوالات اور ان کے جواب

دنیا میں جیسے جیسے کووِڈ-19 نامی کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے عام آدمی کے ذہن میں اس بیماری کے بارے میں نت نئے سوالات جنم لے رہے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک ایک لاکھ 29 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ یورپ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 16 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

یہ مرض اب تک پاکستان سمیت دنیا کے 110 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے اور اسے عالمی ادارۂ صحت نے عالمی وبا قرار دے دیا ہے۔

جیسا کہ یہ وائرس کھانسی کے ذریعہ انسان سے انسان میں منتقل ہوتا ہے لہذا یہ ضروری ہے کہ الکوحل سے بنے ہینڈ سینیٹائزر یا گرم پانی اور صابن سے بار بار ہاتھ دھوئیں اور چہرے کو بار بار چھونے سے اجتناب کریں۔

اس کے علاوہ، آپ کو کسی بھی ایسے شخص سے رابطے سے گریز کرنا چاہیے جسے کھانسی، زکام یا بخار کے شکایت ہو۔ جو بھی شخص یہ سمجھتا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے متاثر ہے اسے فوراً اپنے معالج سے رابطہ کرنا چاہیے۔
کورونا وائرس کی نگہداشت کا دورانیہ کتنا ہے؟

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے میں عموماً پانچ دن لگ جاتے ہیںلیکن کچھ لوگوں میں یہ علامات بہت دیر میں بھی ظاہر ہوئیں۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ وائرس کی نگہداشت کا دورانیہ 14 دن تک کا ہے لیکن بعض محققین کا کہنا ہے کہ یہ 24 دن تک بھی ہوسکتا ہے۔

نگہداشت کے دورانیے کے بارے میں علم ہونا اور اسے سمجھنا بہت اہم ہے۔ اس کی مدد سے ڈاکٹرز اور صحت کے حکام کو اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے طریقے تلاش کرنے میں مدد ملی ہے۔

کیا کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے کا مطلب ہے کہ اس سے بچ گئے؟

یہ کہنا قبل از وقت ہو گا۔ اس وائرس سے انسانوں کا واسطہ ابھی گذشتہ دسمبر سے پڑا ہے لیکن ماضی میں دوسرے وائرسز اور کورونا وائرس کی اقسام کے ساتھ ہونے والے تجربات کی بنیاد پر دیکھا جائے تو آپ کے اندر آپ ایسی اینٹی باڈیز ہونی چاہیئں جو آپ کو اس وائرس سے پچا سکیں۔

سارس اور دوسرے کورونا وائرس میں دوبارے انفیکشن دیکھنے میں نہیں آیا۔ چین سے ملنے والی رپورٹس کے مطابق ہسپتال سے خارج کیے جانے والے افراد میں دوبارہ مثبت ٹیسٹ آئے ہیں لیکن ہم ان ٹیسٹس کے بارے مںی بھی پر یقین نہیں۔

تاہم اہم بات یہ ہے کہ یہ لوگ اب انفیکشن پھیلنے کا سبب نہیں رہے۔

کورونا اور فلو میں کیا فرق ہے؟
کورونا اور فلو کی کئی علامات ایک جیسی ہیں جس کی وجہ سے بغیر ٹیسٹ کے اس کی تشخیص مشکل ہے۔ کورونا وائرس کی بڑی علامات میں بخار اور خشک کھانسی شامل ہیں۔ فلو میں بھی اکثر بخار اور کھانسی ہوتی ہے جبکہ لوگوں کو سانس لینے میں بھی دشواری ہوتی ہے۔

سیلف آئسولیشن کا کیا مطلب ہے؟
سیلف آئسولیشن کا مطلب 14 دن کے لیے گھر پر رہنا ہے اس دوران نہ تو یہ شخص سکول یا کام پر جاتا ہے نہ ہی کسی عوام مقام پر اور اس دوران وہ عوامی ٹرانسپورٹ کے استعمال سے بھی گریز کرتا ہے۔

سیلف آئسولیشن کے دوران ایسا کرنے والا شخص اپنے گھر میں بھی دوسرے افراد سے دور رہتا ہے۔

اگر آپ سیلف آئسولیشن میں ہیں اور اگر آپ کو سودا خریدنے کی ضرورت ہے تو آن لائن سروس استعمال کریں۔

اس دوران آپ کو اپنے پالتو جانوروں سے بھی دور رہنے کی کوشش کرنی چاہیے اور اگر ایسا ممکن نہ ہو تو ان کے پاس جانے سے پہلے اور بعد ہاتھ ضرور دھوئیں۔
مجھے کیا کرنا چاہیے اگر میرے ساتھ رہنے والا سیلف آئسولیشن اختیار کر لے؟

برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروسز کا کہنا ہے ایسے افراد جو خود ساختہ طور پر اپنے آپ کو الگ تھلگ رکھ رہے ہیں ایسے میں صرف ان لوگوں کو ان ساتھ رہنے کی اجازت دی جانی چاہیے جو پہلے سے ان کے ساتھ رہتے ہیں۔

اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جس شخص کو شک ہے کہ اسے کورونا وائرس ہے اسے گھر میں موجود دوسروں سے کم سے کم رابطہ رکھنا چاہئے۔ اگر ممکن ہو تو ، انھیں ایک ہی کمرے میں نہیں رہنا چاہئے۔

کسی بھی مشترکہ کراکری اور کھانے کے برتنوں کو استعمال کے بعد اچھی طرح صاف کرنا چاہئے، اور باتھ روم اور مشترکہ استعمال کی سطحوں کو بھی اچھی طرح صاف کرنا چاہیے۔

کیا کسی پبلک سوئمنگ پول میں تیرنا محفوظ ہے؟

بیشتر پبلک سوئمنگ پولز کے پانی میں کلورین ہوتا ہے، ایک ایسا کیمیکل جو وائرس کو مار سکتا ہے۔ لہذا جب تک اس میں مناسب طریقے اور مقدار کی کلورین شامل ہے سوئمنگ پول کو استعمال کرنا محفوظ ہونا چاہئے۔

البتہ آپ پھر بھی کسی متاثرہ شخص سے وائرس پکڑ سکتے ہیں اگر وہ سطحوں کو آلودہ کرتے ہیں ، جیسے کپڑے تبدیل کرنے کی جگہ یا عمارت کے دروازوں کے ہینڈلز وغیرہ۔ اور اگر کوئی وائرس سے متاثرہ شخص وہاں موجود ہوں تو وہ قریبی رابطے میں آنے کے صورت میں کھانسی اور چھینک کے ذریعہ بھی وائرس دوسروں میں منتقل کر سکتا ہے۔

کورونا وائرس سے بچنے اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بہت سارے دیگر طریقے موجود ہیں۔

کیا صحت مند معذور افراد میں کورونا وائرس سے مرنے کا خطرہ زیادہ ہے؟

کورونا وائرس سے زیادہ متاثر ہونے کا خطرہ بزرگ افراد یا پہلے سے بیمار افراد میں زیادہ ہوتا ہے۔ ان بیماریوں میں دل کے امراض، ذیابیطس اور پھیھڑوں کی بیماریاں شامل ہیں۔

اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ معذور افراد جو دوسری صورت میں صحت مند ہیں اور جو مثال کے طور پر سانس کی تکلیف میں مبتلا نہیں ہے ان میں کورونا وائرس سے ہلاکت کا خطرہ زیادہ ہے۔
کورونا وائرس سے بچوں کو کتنا خطرہ ہے؟
چین کے اعداد و شمار کے مطابق عام طور پر بچوں کو کورونا وائرس نے نسبتاً بہت کم متاثر کیا ہے۔

اس کی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ وہ انفیکشن کا خاتمہ کرنے کے قابل ہیں یا ان میں کوئی علامات نہیں ہیں یا صرف بہت ہی ہلکی سی علامات ظاہر ہوئی ہے جیسا کہ زکام۔

تاہم ، دمہ جیسی بنیادی پھیپھڑوں کی بیماری میں مبتلا بچوں کو زیادہ محتاط رہنا پڑتا ہے کیونکہ وائرس ان پر حملہ آور ہوسکتا ہے۔

اگرچہ زیادہ تر بچوں کے لیے یہ کسی سانس کے دیگر انفیکشن کی طرح ہوگا اور خطرے کی کوئی وجہ بات نہیں ہو گی۔

دمہ کے مریضوں کے لیے یہ وائرس کتنا خطرناک ہے؟
سانس کی بیماری کا شکار کرنے والے کورونا وائرس جیسے وائرس سے دمہ کی علامات بڑھ سکتی ہیں۔

دمہ کی بیماری کے حوالے سے برطانوی ادارے ’ایزتھما یو کے‘ ایسے افراد کو جو اس وائرس سے تشویش میں مبتلا ہیں اپنے دمے کی بیماری پر قابو پانے کے لیے چند ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیتا ہے۔ ان ہدایات میں ڈاکٹر کا تجویز کردہ انہیلر کا روزانہ استعمال شامل ہے۔

اس سے کورونا وائرس سمیت کسی بھی سانس کے وائرس سے دمہ کے حملے کے خطرے کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

اگر آپ کے دمے کی علامات کسی بھی وقت بگڑ جائیں تو فوراً اپنے معالج سے رابطہ کریں۔
اگر آپ کے کسی دفتری ساتھی کو کورونا وائرس کی وجہ سے قرنطینہ میں رکھا گیا ہے تو کیا آپ کو بھی قرنطینہ میں رہنا چاہیے؟
اس ضمن میں متعدد اداروں نے کورونا وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے عملے کو گھر سے کام کرنے کو کہا ہے۔ یہ فیصلہ ان کمپینوں کے چند ملازمین کی متاثرہ ممالک سے واپسی کے بعد ان میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد کیا گیا ہے۔

لیکن برطانوی ادارے پبلک ہیلتھ انگلینڈ (پی ایچ ای) کا کہنا ہے کہ عملے کو کام سے گھر بھیجنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ زیادہ تر مشتبہ کیسز کے نتائج منفی نکلتے ہیں۔ برطانوی ادارہ برائے صحت دفتروں کو بند کرنے کی سفارش نہیں کرتا ہے یہاں تک کہ اگر کورونا وائرس کا کوئی تصدیق شدہ کیس بھی ہو۔

برطانوی حکام صرف ان افراد کو خود ساختہ قرنطینہ کا مشورہ دیتے ہیں:

جو کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے نتائج کا انتظار کر رہے ہیں
جن کا تصدیق شدہ متاثرہ افراد کے ساتھ قریبی رابطہ رہا ہو
جنھوں نے حال ہی میں متاثرہ ممالک کا دورہ کیا ہو
کیا ایسے افراد جن کو پہلے ہی نمونیا ہو چکا ہے وہ کورونا وائرس سے متاثر ہو سکتے ہیں؟
یہ نیا کورونا وائرس بہت کم تعداد میں افراد کو نمونیا میں مبتلا کر سکتا ہے۔ صرف ان افراد میں اس کا خطرہ موجود ہے جن کے پھیپھڑے پہلے ہی سے کمزور یا خراب ہوں۔ مگر کیونکہ یہ کورونا وائرس کی ایک نئی قسم ہے اور کوئی بھی اس سے محفوظ نہیں ہے اس لیے یہ نیا وائرس کسی بھی طرح کی پھیپھڑوں کی بیماری یا نمونیا کا سبب بن سکتا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف ویکسین دستیاب ہونے میں ابھی 18 ماہ کا وقت لگ سکتا ہے۔

حاملہ خواتین اگر کورونا وائرس سے متاثر ہو جائیں تو ان کو کیا خطرہ ہو سکتا ہے؟
سائنسدانوں کے پاس ایسی کوئی وجہ نہیں ہے کہ وہ یہ کہہ سکیں کہ حاملہ خواتین کو اس وائرس سے متاثر ہونے کا زیادہ خطرہ ہے۔
اپنے آپ کو وائرس سے بچانے کے لیے حفظان صحت کے آسان مشوروں پر عمل کرنا ضروری ہے۔ ان میں اکثر اپنے ہاتھوں کو صابن اور پانی سے اچھی طرح دھونا، اپنے چہرے، آنکھوں یا منہ کو گندے ہاتھوں سے نہ چھونا اور بیمار لوگوں سے دور رہنا شامل ہے۔
اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپ کورونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں، یا کسی ایسے شخص کے ساتھ رابطے میں رہے ہیں جسے اس وائرس نے متاثر کیا یا کسی ایسے متاثرہ ملک کا سفر کیا ہو تو آپ کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ آپ اپنے گھر میں رہیں اور ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔

کیا کورونا وائرس فلو سے زیادہ نقصان دہ ہے؟

ابھی ان دونوں بیماری کا براہ راست موازنہ کرنا قبل از وقت ہے لیکن ہم یہ جانتے ہیں کہ دونوں وائرس انتہائی خطرناک ہیں۔
اوسطاً کورونا وائرس سے متاثرہ شخص دو سے تین دیگر افراد کو انفیکشن منتقل کرتے ہیں جبکہ فلو سے متاثرہ افراد اسے قریباً ایک دوسرے شخص تک پہنچاتے ہیں۔
تاہم، فلو سے متاثرہ افراد دوسروں کے لیے زیادہ تیزی سے متعدی ہو جاتے ہیں لہذا دونوں وائرس آسانی سے پھیل سکتے ہیں۔
کیا یہ وائرس جنگلی حیات کے ذریعہ پھیل سکتا ہے؟
اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے مہلک کورونا وائرس جانوروں سے انسانوں میں کیسے منتقل ہوا اور یہ تقریباً یقینی ہے کہ چین میں کورونا وائرس کی ابتدائی وباء کسی جانور کے ذریعہ ہی شروع ہوئی تھی۔ اس نئے انفیکشن کے ابتدائی واقعات کا سراغ جنوبی چین کی سی فوڈ ہول سیل مارکیٹ سے ملتا ہے، جہاں زندہ جنگلی جانور بھی فروخت ہوئے جن میں مرغی، چمگادڑ اور سانپ شامل ہیں۔

البتہ کوئی جانور اس وائرس کو انسانی میں منتقل کرنے کا ذریعہ نہیں ہو سکتا ہے۔

چین سے باہر رہنے والے افراد کے لیے کسی جانور سے وائرس سے متاثر ہونے کے امکانات بہت کم ہیں۔ ہم اس وقت اس وبا کے مختلف مرحلوں پر ہیں جہاں یہ انسان سے انسان میں پھیل رہا ہے اور یہ ہی اصل خطرہ ہے۔
کیا کورونا وائرس کھڑکی اور دروازے کے ہینڈل کو ہاتھ لگانے سے بھی پھیل سکتا ہے ؟
اگر کوئی متاثرہ شخص کھانسی کرتے ہوئے اپنے ہاتھ منھ پر رکھتا ہے اور پھر کسی چیز کو ہاتھ لگاتا ہے تو وہ سطح پر متاثر ہو جاتی ہے۔ دروازے کے ہینڈل اس کی اچھی مثال ہیں جہاں اس وائرس کے ہونے کا امکان ہو سکتے ہیں۔

تاہم اس بات کا ابھی تک علم نہیں ہے کہ یہ نیا کورونا وائرس اس طرح کی سطحوں پر کتنی دیر تک زندہ رہ سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کی عمر دنوں کی بجائے گھنٹوں میں ہے لیکن یہ بہتر ہے کہ آپ باقاعدگی سے ہاتھ دھوئیں تاکہ وائرس سے متاثر ہونے اور پھیلنے کا امکان کم ہو۔

کیا موسم اور درجہ حرارت کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر اثر ڈالتا ہے؟
ہمیں ابھی اس وائرس کے متعلق بہت کچھ جاننا باقی ہے۔ یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ موسمی یا درجہ حرارت میں تبدیلی اس کے پھیلاؤ پر کوئی اثرات مرتب کریں گے یا نہیں۔

چند دیگر وائرس جیسا کے فلو موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ اپنے اثرات مرتب کرتا ہے جیسا کہ موسم سرما میں یہ بڑھ جاتا ہے۔

مارس اور اس طرح کے دیگر وائرس کے متعلق چند تحقیق یہ ظاہر کرتی ہیں کہ یہ آب و ہوا کے حالات سے متاثر ہوتے ہیں جو گرم مہینوں میں قدرے زیادہ تیزی سے پھیلتے ہیں۔

کیا آپ متاثرہ شخص کے تیارکردہ کھانے سے اس وائرس سے متاثر ہو سکتے ہیں؟
اگر کوئی کورونا وائرس سے متاثرہ شخص کھانا تیار کردہ ہے اور اس دوران حفظان صحت اور صفائی کا خیال نہیں رکھتا تو ممکنہ طور پر اس سے کوئی اور شخص متاثر ہو سکتا ہے۔ کورونا وائرس کھانسی کے دوران منھ پر ہاتھ رکھنے سے پھیل سکتا ہے اور اگر ایسے میں متاثرہ شخص نے ہاتھ اچھی طرح دھو کر کھانا تیار نہیں کیا تو اس کے امکان بڑھ جاتے ہیں۔ لہذا کھانےکو چھونے اور کھانے سے قبل اچھی طرح ہاتھ دھوئیں تاکہ اس کے جراثیم کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔

اگر آپ ایک مرتبہ کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں تو کیا اس وائرس کے خلاف آپ کی مدافعت بڑھ جاتی ہیں؟
جب لوگ کسی انفیکشن یا بیماری سے صحت یاب ہوجاتے ہیں تو ان کے جسم میں اس بیماری سے دوبارہ لڑنے کی کچھ یادداشت رہ جاتی ہے۔ تاہم یہ مدافعاتی عمل ہمیشہ دیرپا یا مکمل طور پر موثر نہیں ہوتا ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ اس میں کمی بھی آسکتی ہے۔ یہ معلوم نہیں ہے کہ انفیکشن کے بعد یہ مدافعت کب تک چل سکتی ہے۔

کیا چہرے کا ماسک وائرس کے خلاف کارآمد ہے اور اسے کتنی مدت بعد تبدیل کرناچاہیے؟
اس بارے میں بہت کم شواہد موجود ہیں کہ چہرے کے ماسک پہننے سے فرق پڑتا ہے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ اپنے منھ کے قریب ہاتھ لے جانے سے قبل یہ زیادہ موثر ہے اچھی حفظان صحت کے تحت آپ باقاعدگی سے اپنے ہاتھ دھوئیں۔
کیا کورونا وائرس جنسی طور پر منتقل ہو سکتا ہے؟
یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ آیا یہ بھی وائرس منتقلی کا ایک ذریعہ ہے یا نہیں جس کے بارے میں ہمیں فکر مند ہونا چاہئے۔ فی الحال، اس وائرس کے پھیلنے کا سب سے بڑا ذریعہ کھانسی اور چھینکوں کو سمجھا جاتا ہے۔

کیا کورونا وائرس سے متاثرہ شخص مکمل صحت یاب ہوا ہے؟
جی ہاں. بہت سے ایسے افراد جو کوروناوائرس سے متاثر ہوئے اور ان میں بیماری کے معمولی علامات ظاہر ہوئی ان میں سے زیادہ تر افراد کی مکمل صحت یابی کی توقع کی جاتی ہے۔

تاہم، بزرگ افراد جنھیں پہلے سے ذیابیطس، کینسر یا کمزور مدافعتی نظام جیسی بیماریاں لاحق ہیں ان کے لیے یہ ایک خاص خطرہ بن سکتا ہے۔

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے ایک ماہر کا کہنا ہے کورونا وائرس کے معمولی علامات سے ٹھیک ہونے میں ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔

کیا کورونا وائرس ووہان سے خریدی گئی اور دیگر ممالک میں بذریعہ ڈاک بھیجی گئیں اشیا کے ذریعہ منتقل ہو سکتا ہے؟
اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ اس کا کوئی خطرہ ہے۔ کورونا وائرس سمیت کچھ بیماریاں ان سطحوں سے پھیل سکتی ہیں جہاں ان کے متاثرہ افراد کے کھانسی یا چھینکنے کے بعد چھوا ہو، لیکن یہ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ وائرس زیادہ دن زندہ نہیں رہتا ہے۔ کچھ بھی جو بذریعہ ڈاک بھیجا گیا ہے اس کے منزل مقصود تک پہنچنے تک اس سے آلودہ ہونے کا امکان نہیں ہے۔

کیا سانس کی اس بیماری سے بچنے کے لیے ویکسینیشن کروانا ممکن ہے؟
اس وقت اس وائرس سے بچاؤ کی کوئی ویکسین موجود نہیں ہے جو لوگوں کو اس قسم کے کورونا وائرس سے بچا سکے لیکن محققین اس کی تیاری میں لگے ہوئے ہیں۔ یہ ایک نئی بیماری ہے جو انسانوں میں پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی تھی۔ جس کا مطلب ہے کہ ڈاکٹروں کے پاس اس کے بارے میں جاننے کے لیے ابھی بھی بہت کچھ ہے۔